سپیشل بچے قوم کے ہیرو ،تمام حقوق کے حقدار ہیں :اسحاق حاشر
کمالیہ(نمائندہ خصوصی )ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد اسحاق حاشر نے کہا ہے کہ سپیشل بچے قوم کے ہیرو ہیں اور صلاحیتوں کے اعتبار سے عام بچوں سے بڑھ کر، ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں۔۔۔
وہ ہماری توجہ ،محبت کے ساتھ ساتھ تمام حقوق کے حقدار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ سیکنڈری سپیشل ایجوکیشن سنٹر کمالیہ میں خصوصی افراد کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد اسحاق حاشر اپنی اہلیہ کے ہمراہ سکول پہنچے تو سپیشل بچوں نے انہیں پریڈ کرتے ہوئے سلامی دی، گلدستہ پیش کیا ۔ مہمان خصوصی نے پرنسپل مہر غلام مرتضیٰ،ڈاکٹر شوکت علی اور پرنسپل گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سکول چاہ شاموں والا کمالیہ بشیرربانی کے ہمراہ سپیشل بچوں کے ہاتھوں بنائے گئے نصاب سے متعلقہ سائنسی، جدید تقاضوں سے ہم آہنگ دیدہ زیب اشیاء کے ماڈلز دیکھے اور ان کے شوق وہنرمندی کی تعریف کی ۔جسمانی معذورطالبات نے بارگاہ رسالت میں گلہائے عقیدت پیش کیا۔