ماں بچہ صحت پروگرام کے مسائل حل نہ ہوئے ، ادویات کی قلت
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)فیصل آبادماں بچہ صحت پروگرام کے حکام افسروں کے تبادلوں میں مصروف، ضلع بھر میں بنیادی مراکز صحت اور رورل ہیلتھ سنٹر پر بنیادی ادویات کی قلت ایک سال گزرنے کے باوجود برقرار، مریضوں کی پریشانی کم نہ ہوسکی۔
محکمہ صحت کے زیر انتظام چلنے والے ذیلی منصوبے ماں بچہ صحت پروگرام کے مسائل حل ہونے کا نام نہیں لے رہے ۔ ضلع بھر میں قائم 180 سے زائد مرکز صحت میں گزشہ ایک سال سے ادویات کی قلت پائی جا رہی ہے جہاں سر درد کی دوا پیراسیٹامول تک دستیاب نہیں جبکہ چیک اپ کے لیے آنے والے مریضوں کو دوا پرچی پر لکھ دی جاتی ہے اور باہر سے خریدنے کی ہدایت کی جاتی ہے ۔ چند ایک بنیادی مراکز کے میڈیکل افسر اپنی مدد آپ کے تحت مخیر حضرات کے تعاون سے صحت مراکز کا نظام چلانے میں مصروف ہیں جبکہ باقی مانندہ میں صحت کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔واضع رہے کہ بنیادی مراکز صحت اور رورل ہیلتھ سنٹرز پر ادویات کی فراہمی ماں بچہ صحت پروگرام اور پنجاب ہیلتھ فیسلٹیز مینجمنٹ کمپنی کی ذمہ داری ہے تاہم حکام بالی پنجاب حکومت پر ذمہ داری ڈال کر ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں۔