سولر پینل سکیم ،رجسٹریشن کے دوران مسائل سامنے آ نے لگے
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)پنجاب حکومت کی سولر پینل سکیم میں رجسٹریشن کے دوران ریکارڈ میں مسائل سامنے آنے لگے ۔ طے کردہ قواعد ضوابط پر پورا اترنے والے بجلی صارفین کو بھی سسٹم نااہل قرار دینے لگا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے صوبہ بھر میں ایک لاکھ بجلی صارفین کو سولر پینلز مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا جس کے لیے ویب سائٹ پر آن لائن اپلائی کرنے یا پھر ایس ایم ایس کے ذریعے خود کو رجسٹر کروانے کا طریقہ کار وضع کیا گیا۔ رواں سال جون کے مہینے میں 200 سے کم یونٹ استعمال کرنے اور ایک گھر میں ایک میٹر نصب ہونے کی شرائط کو اہلیت کا معیار قرار دیا گیا تاہم اس پر پورا اترنے کے باوجود کئی صارفین کو آن لائن نظام رجسٹریشن کیلئے نااہل قرار دینے لگا ہے ۔ جس پر صارفین کی جانب سے وزیر اعلی ٰسے نوٹس لینے اور مسئلہ حل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔