گڑھ مہاراجہ :کھجور کی قیمتیں آسمان پر، شہری خریداری سے قاصر

گڑھ مہاراجہ (نمائندہ دنیا )احمدپور سیال میں مہنگائی کی وجہ سے غریب روزہ دار پریشان ، افطار دستر خوان کی زینت کھجور کے دام آسمان سے باتیں کرنے لگے ۔
تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے آغاز سے مانگ بڑھتے ہی احمد پور سیال میں کھجور 500سے 600روپے فی کلوگرام میں فروخت ہو رہی ہے جو مزدور اور دیہاڑی دار طبقہ کی قوت خرید سے باہر ہے ، برائلر مرغی گوشت کے نرخ 780روپے فی کلوگرام کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں ۔محنت کشوں کا کہنا ہے کہ اس بار عام صارفین کے لئے ماہ صیام میں ریلیف کے خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے گئے اورماسوائے چینی روز مرہ استعمال کی اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر حکومت نے کوئی سبسڈی نہیں دی جس کی وجہ سے غریب کے لیے سحری وافطاری کا بندوبست کرنا مشکل ہوکررہ گیا ۔ شہریوں نے مہنگائی پر قابو پانے اور کھجور سمیت دیگر اشیائے خورونوش سستی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔