سیلاب کی ممکنہ صورتحال کے پیش نظر پری فلڈموک ایکسر سائز
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)ضلع فیصل آباد میں سیلاب کی ممکنہ صورتحال کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 فیصل آباد ظفر اقبال کی زیرنگرانی سنٹرل سٹیشن پر پری فلڈموک ایکسر سائز کا انعقاد کیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رانا موسیٰ نے موقع پر پہنچ کر تمام انتظامات کا بغور جائزہ لیا۔ پری فلڈ موک ایکسر سائز کا مقصد سیلاب کی صورتحال میں استعمال ہونے والے تمام وسائل کا بخوبی جائزہ لینا تھا۔ جس میں ضلع فیصل آباد کے تمام متعلقہ اداروں پی ڈی ایم اے ، لائیو سٹاک، ایجوکیشن، محکمہ انہار، سول ڈیفنس، ایگریکلچر اور ہیلتھ کے افسروں و نمائندگان نے شمولیت اختیار کی۔ تمام متعلقہ اداروں نے اپنے وسائل کو ظاہر کرنے کیلئے بہترین طریقے سے سٹال لگائے اور آگاہی فراہم کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کو تمام سٹالز کا وزٹ کروایا اور سیلاب کی صورتحال میں استعمال ہونے والے تمام وسائل سے آگاہ کیا۔ کشتیوں اور سکوبا ڈائیو کے دوران پانی کی تہوں سے ڈوبنے والے افراد کو نکالنے کے لئے استعمال ہونے والے آلات کے متعلق آگاہی فراہم کی۔ اس کے ساتھ ساتھ حادثات کی صورت میں کمیونیکیشن کے نظام کو فعال بنانے کیلئے وائرلیس سسٹم کے متعلق بھی آگاہی فراہم کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رانا موسیٰ نے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نبردآزما ہونے کی تیاریوں، فلڈ فائیٹنگ آلات کی مینٹی نینس اور فعالیت کو تسلی بخش قرار دیا ۔