زرعی یونیورسٹی :عالمی یوم کتب و کاپی رائٹ کے حوالے سے تقریب
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں عالمی یوم کتب و کاپی رائٹ کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
جس میں رجسٹرار عمرسعید قادری اور لائبریرین عمر فاروق نے طلبہ کو کامیاب لوگوں کی 7عادات کے بارے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو کتب بینی کی طرف لانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے کیونکہ دورحاضر میں سوشل میڈیا اور دیگر رحجانات کی وجہ سے کتاب بینی کی عادت میں کمی واقع ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سٹیفن آرکووے کی کتاب کامیاب لوگوں کی سات عادات میں کہا گیا ہے کہ ہمیں کامیابی کیلئے سوچنا اور حکمت عملی تیار کرنا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی کام کی ابتدا سے پہلے اس کے انجام کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے جسمانی، ذہنی، روحانی اور معاشی صلاحیتوں کو نکھارنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مثبت سوچ کو معاشرے میں پروان چڑھانا ہو گا تاکہ ترقی کا سفر احسن انداز میں پورا ہو سکے ۔