چنیوٹ، فیصل آباد دورویہ سڑک کا 50 فیصد تعمیراتی کام مکمل
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )چنیوٹ، فیصل آباد دورویہ سڑک کے میگا پراجیکٹ کا 50 فیصد سے زائد تعمیراتی کام مکمل ہوچکا ،سٹرک کے دونوں اطراف بیس ڈالنے کا کام تقریبا مکمل ہوچکا ہے اور اب لیئر ڈالی جائے گی۔
پراجیکٹ پر جاری کام کے جائزہ کیلئے ڈپٹی کمشنر چنیوٹ صفی اﷲگوندل نے پل سیم بائی پاس سے پل ڈینگروتک جا کر مختلف مقامات پر سٹرک کی تعمیراتی پیشرفت کا معائنہ کیا،اس موقع پر نیسپاک کنٹریکٹر،ایکسیئن اور ہائی ویز کے افسران بھی موجودتھے ۔ڈپٹی کمشنر نے میگا پراجیکٹ کے جاری کاموں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ تعمیراتی مراحل کے دوران شہری حقوق کا خیال رکھا جائے ،پانی کا مسلسل چھڑکاؤ کریں۔انہوں نے کہا کہ چنیوٹ فیصل آباددو رویہ سٹرک کی تعمیر سے دونوں اضلاع کا سفری دورانیہ کم ہوگا،شہریوں کو سہولیات کے ساتھ ریلیف کی فراہمی ترجیح ہے ۔تحصیل چوک چنیوٹ سے بائی پاس تک 3 کلومیٹر سٹرک کی تعمیر کا کام بھی جلد شروع ہوگا۔علاوہ ازیں انہوں نے سائٹ آفس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں وکمپنی کو شفافیت یقینی بنانے کی تاکیدکی۔