مارکیٹوں میں ادویات کی شدید قلت، قیمتیں بے تحاشا بڑھ گئیں ، مریضوں کو پریشانی
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)فیصل آباد کی مارکیٹوں میں ادویات کی شدید قلت اور قیمتوں میں بے تحاشا اضافے نے مریضوں اور ان کے لواحقین کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔
بنیادی اور زندگی بچانے والی ادویات کی عدم دستیابی کے باعث مریضوں کو مہنگی اور بسا اوقات غیر معیاری متبادل ادویات خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے ۔ انسولین، اینٹی بائیوٹکس، دل، شوگر، کینسر اور مرگی کی ادویات سمیت کئی اہم دوائیں نایاب ہو چکی ہیں۔ ادویات کی قلت کی بنیادی وجوہات میں روپے کی قدر میں کمی، خام مال کی درآمد پر انحصار، اور پیداواری لاگت میں اضافہ شامل ہیں۔نوویڈاٹ کی قیمت میں 50 روپے اضافے کے بعد اب 350 سے 400 روپے میں دستیاب ہے ۔ ویلاسف کی قیمت 208 روپے سے بڑھ کر 254 روپے ہو گئی۔ بونیسن سیرپ کی قیمت 535 روپے سے بڑھ کر 600 روپے ہو گئی۔ انڈراپ ڈی قیمت 219 روپے سے بڑھ کر 248 روپے ہو گئی۔ پیناڈول پیکٹ کی قیمت 533 روپے سے بڑھ کر 640 روپے ہو گئی۔ مزید برآں، ملک بھر میں ادویات کی قیمتوں میں اوسطاً 14.15 فیصد اضافہ ہوا ہے ، جبکہ کچھ ادویات کی قیمتوں میں 20 سے 200 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔مریضوں کو دشواری کا سامنا ہے ۔ حکومت نے ہسپتالوں میں ادویات کی قلت پر قابو پانے کیلئے 3.59 ارب روپے جاری کیے ہیں تاہم مارکیٹ میں ادویات کی دستیابی اور قیمتوں میں استحکام کے لیے مزیدموثر اقدامات کی ضرورت ہے ۔