136 سرکاری مڈل سکولوں کو ہائی کا درجہ مل گیا

فیصل آباد(بلال احمد سے )حکومتِ پنجاب نے تعلیمی سہولیات کو نچلی سطح تک وسعت دینے کے لیے صوبہ بھر کے 136 سرکاری مڈل سکولوں کو آفٹرنون سکول پروگرام کے تحت ہائی سکول کا درجہ دے دیا ہے ۔
یہ اقدام دیہی اور نیم شہری علاقوں کے طلبہ و طالبات کو ان کے قریبی علاقوں میں ہی میٹرک تک تعلیم کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے ۔محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اپ گریڈ کیے جانے والے سکولوں کا تعلق فیصل آباد، لاہور، بہاولنگر، چنیوٹ، جھنگ، خانیوال، قصور، سرگودھا، ساہیوال، پاکپتن، راجن پور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ملتان اور دیگر اضلاع سے ہے ۔ ان سکولوں میں اکثریت بچیوں کے تعلیمی اداروں کی ہے ، جس سے حکومتِ پنجاب لڑکیوں کی تعلیم کو دی جانے والی ترجیح بھی ظاہر ہوتی ہے ۔ ذرائع کے مطابق آفٹرنون سکول پروگرام کے تحت مڈل سکول کی عمارتوں میں شام کے اوقات میں ہائی سکول کی کلاسز لی جائیں گی تاکہ نئے سکول بنانے کے بجائے موجودہ انفراسٹرکچر سے مکمل فائدہ اٹھایا جا سکے ۔ متعلقہ حلقوں کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے ڈراپ آؤٹ ریٹ میں نمایاں کمی آئے گی، خصوصاً دیہی علاقوں میں لڑکیوں کی تعلیم کا تسلسل برقرار رکھنے میں مدد ملے گی، جہاں والدین دور دراز اسکول بھیجنے سے گریز کرتے ہیں۔ اس اقدام سے نہ صرف طلبہ کو سہولت ملے گی بلکہ تدریسی عملے کے لیے ملازمتوں کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے ۔ والدین، اساتذہ اور تعلیمی حلقوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے وقت کی ضرورت قرار دیا ہے ۔ وزیر تعلیم پنجاب نے کہا ہے کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور حکومت کا عزم ہے کہ صوبے کا کوئی بھی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ آفٹرنون اسکول پروگرام کو مزید اضلاع اور سکولوں تک وسعت دی جائے گی تاکہ ہر علاقے میں ہائی اسکول کی سطح تک تعلیم کو یقینی بنایا جا سکے ۔