وفاقی و صوبائی وزراء کی شہداء کے گھر جا کر ورثاء سے ملاقاتیں

وفاقی و صوبائی وزراء کی شہداء کے گھر جا کر ورثاء سے ملاقاتیں

فیصل آباد،سمندری(سٹاف رپورٹر،نمائندہ دنیا) بھارت کے بزدلانہ حملہ میں شہداء کو پوری قوم کی طرف سے خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے۔۔۔

 اس سلسلہ میں وفاقی وزیر میری ٹائم افیئرز جنید انوار چودھری،صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سہیل شوکت بٹ ایل او سی پر شہید ہونیوالے پاک فوج کے جوان نائیک عبدالرحمٰن کی رہائش گاہ540 گ ب اور مریدکے حملہ میں شہید شہری خالد محمود کی چک 225 گ ب سمندری میں واقع رہائشگاہوں پر پہنچ گئے ۔کمشنر مریم خان، بریگیڈیئر افتخار،آرپی او ذیشان اصغر،ایم این اے علی گوہر بلوچ،اراکین صوبائی اسمبلی راؤ کاشف رحیم،عارف گل،ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)ندیم ناصر، سی پی او صاحبزادہ بلال عمر بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے ۔ وفاقی وزیر جنید انوار چودھری اور صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ نے دونوں شہداء کے اہلخانہ سے ملاقاتیں کیں اور شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی۔شہداء کے اہلخانہ سے ملاقاتوں میں وفاقی و صوبائی حکومت کی طرف سے شہداء کے بچوں کی کفالت کا اعلان کیا گیا جبکہ ضلعی انتظامیہ کو چک225 گ ب جگاواں کو ماڈل ویلیج بنانے کی بھی ہدایت کر دی۔وفاقی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ مسلح افواج نے اپنے شہداء کا بدلہ بھارت کو منہ توڑ جواب دیکر لے لیا،شہداء کے بچوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑینگے ۔صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ نے اس موقع پر کہاکہ شہداء کے اہلخانہ کیلئے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کا پیغام لے کر آیا ہوں،حکومت پنجاب بھارتی جارحیت سے متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں