ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ملازمین سردیوں کی وردی پہننے پر مجبور

ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ملازمین سردیوں کی وردی پہننے پر مجبور

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایف ڈبلیو ایم سی) کے افسران کی بے حسی اور نجی کنٹریکٹر کمپنی کی مبینہ غفلت نے سینکڑوں صفائی ملازمین کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے ۔

 شدید گرمی اور درجہ حرارت 40ڈگری سے تجاوز کرنے کے باوجود صفائی ورکرز کو اب تک وہی موٹی اور بھاری وردیاں پہننے پر مجبور کیا جا رہا ہے جو سردیوں میں فراہم کی گئی تھیں۔ اس غیر انسانی رویے کے باعث کئی ملازمین گرمی سے نڈھال ہو چکے ہیں۔ایف ڈبلیو ایم سی کے حکام کی چشم پوشی اور نجی کنٹریکٹر کمپنی کی نااہلی نے شہر کی صفائی کرنے والے ملازمین کو اذیت ناک صورتحال سے دوچار کر رکھا ہے ۔ سورج کا پارہ چڑھنے کے باوجود ملازمین ابھی تک موسم سرما کی دی گئی وردیاں پہننے پر مجبور ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی کمپنی نے موسم کی شدت اور مزدوروں کی مشکلات کو مکمل طور پر نظر انداز کرتے ہوئے تاحال گرمیوں کے لیے ہلکی اور مناسب وردی کی فراہمی کا بندوبست نہیں کیا۔ صفائی عملے کی جانب سے درجنوں شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ جھلسا دینے والی دھوپ میں موٹی وردی پہن کر سڑکوں پر جھاڑو دینا اور کوڑا کرکٹ اٹھانا ایک عذاب ہے ۔ ورکرز کا کہنا ہے کہ ایف ڈبلیو ایم سی کے افسران ٹھنڈے دفاتر میں ائیر کنڈیشنر کی سہولتوں سے لطف اندوز ہوتے ہوئے صرف کاغذی کارروائی کو کارکردگی کا معیار سمجھتے ہیں، جبکہ زمینی حقائق سے مکمل طور پر لاتعلق ہیں۔ اس حوالے سے لیبر قومی موومنٹ کے صدر بابا لطیف نے افسوسناک صورتحال پر شدید ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزدوروں کے ساتھ یہ سلوک نہ صرف بدترین ناانصافی ہے بلکہ بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی بھی ہے ۔ اُنہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، ضلعی انتظامیہ اور ایف ڈبلیو ایم سی کے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ موسم گرما کی موزوں وردی فی الفور فراہم کی جائے تاکہ مزدوروں کو راحت ملے اور ان کی صحت محفوظ رہ سکے ۔ ادھر ترجمان ایف ڈبلیو ایم سی مطیب ورک نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ معاملے پر متعلقہ ٹھیکیدار کمپنی سے بات چیت جاری ہے اور بہت جلد اس مسئلے کا حل نکال لیا جائے گا۔ صفائی ملازمین نے واضح الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ اگر انہیں فوری ریلیف نہ دیا گیا تو وہ احتجاج پر مجبور ہوں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں