جڑانوالہ :افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے تقریبات ،ریلیاں
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)یومِ تشکر کے موقع پر جڑانوالہ میں بھی افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے تقریبات اور ریلیوں کا اہتمام کیا گیاجبکہ اسسٹنٹ کمشنر رنگزیب گورایہ نے کرنل ارشد حسین شہید کی قبر پرجا کر فاتحہ خوانی کرنے کے ساتھ پھولوں کی چادر چڑھائی ، اس موقع پر تاجروں کی بڑی تعداد بھی موجودتھی۔
تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی جڑانوالہ میں گزشتہ روز افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے منعقدہ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر رنگزیب گورائیہ، سماجی سیاسی شخصیات بلال بدر ، سردار اصغرڈوگر، چیف آفیسر محسن مظہر،میاں ذوالفقارعلی،عبدالستار اقبال ، صدر بار عرفان افضال وعمائدین نے شرکت کی۔ دریں اثناء یوم تشکر کے موقع پر جمعتہ المبارک کے اجتماعات میں سرحدوں کی حفاظت کے لئے افواج پاکستان کی بہترین جنگی حکمت عملی کو سراہتے ہوئے جذبہ ایمانی اور دین اسلام میں شہادت کے رتبے و عظمت کو اجاگر کیا گیا۔مقررین نے کہا کہ افواجِ پاکستان کوبنیان مرصوص آپریشن پر خراج تحسین،شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں ۔علاوہ ازیں اسسٹنٹ کمشنر رنگزیب گورایہ اور و دیگر شہریوں نے کرنل ارشد حسین شہید کی قبر پر فاتحہ خوانی اورپھولوں کی چادر چڑھائی ۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان اور یومِ تشکر کے پیغام نے دلوں کو جوڑ دیا۔