چنیوٹ میں بھی ملی جوش و جذبے سے یومِ تشکر منایا گیا
چنیوٹ، چناب نگر(ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار) چنیوٹ کی ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام بھی بھارت کو افواج پاکستان کی جانب سے شکست دینے پر یومِ تشکر منایا گیا،اس حوالے سے بھرپور تقریبات منعقد کی گئیں،دن کا آغاز ضلع بھر کی مساجد میں شہدائے پاکستان کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی سے کیا گیا،شہر بھر کی شاہراہوں پر شکریہ افواج پاکستان کے بینرز آویزاں کئے گئے تھے ۔
ڈپٹی کمشنر چنیوٹ صفی اﷲگوندل کی زیر صدارت میونسپل کمیٹی سے یادگارشہدا ئپولیس تک عظیم الشان ریلی نکالی گئی جس میں رکن صوبائی اسمبلی مولانا محمد الیاس چنیوٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل طلحہ سعید،مختلف محکموں کے افسران ،تاجروں، وکلاء،صحافیوں ،اساتذہ ، سینکڑوں طلبہ اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ قومی پرچم تھامے شرکاء نے جیوے جیوے پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگائے ۔یادگارشہداء پولیس پر شہداء کی فیملیز بھی موجودتھیں ،اس موقع پر پولیس کے چاق وچوبند دستے نے سلامی اور قومی ترانہ پیش کیا۔ڈپٹی کمشنر نے یادگارشہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اوروطن عزیز کیلئے دعاکی ۔دوسری طرف ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں بھی یوم تشکر کے موقع پر قومی پرچم لہرایا گیا،اساتذہ اور طلبہ نے افواج پاکستان کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔ ادھر چناب نگرتحصیل لالیاں میں اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر محمد انس سعید کی سربراہی میںایم سی تا سرگودھا روڈ چوک تک ریلی نکالی گئی جس میں اقلیتی برادری بھی شریک ہوئی۔ شرکاء نے کہا کہ یومِ تشکر دشمن کے خلاف ہماری قومی وحدت،افواج پاکستان کے حوصلے اور عوامی یکجہتی کی علامت ہے ۔ علاوہ ازیں نماز جمعہ کے اجتماعات میں افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا گیا،رات کوضلع بھر کی سرکاری عمارات پر چراغاں اور قومی پرچم لہرایا گیاتھا۔