ای کنسٹرکشن رجیم اپیلی کیشن بغیر تیاری لانچ،انٹرنیٹ مسائل سے اندراج میں مشکلات

فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کردہ ای کنسٹرکشن رجیم ایپلی کیشن بغیر تیاری کے لانچ کردی گئی ٹیکنیکل مسائل اور دیہی علاقوں میں انٹرنیٹ مسائل کی وجہ سے انٹریاں ممکن نہ رہیں کام بند ہونے سے سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہورہا ہے ۔
حکومت پنجاب کی جانب سے کرپشن کی روک تھام کیلئے ای کنسٹرکشن رجیم ایپ لانچ کی گئی اس ایپلی کیشن کا مقصد دور دراز کے دیہات میں آنے والے تمام علاقوں جہاں افسروں کا جانا مشکل ہوتا ہے وہاں تعمیرات کو قانونی دائرے میں لانا ،غیر قانونی تعمیرات کو روکنا کنورژن اور نقشہ منظوری کی فیس وصول کرنا اور متعلقہ ملازمین کی کرپشن کو روکنا تھا لیکن ایپلی کیشن کو بغیر تیاری کے لانچ کردیا گیا ،ایپلی کیشن میں نئی رہائشی،کمرشل اور صنعتی بلڈنگز کا اندراج کیا جاتا ہے جس کیلئے لوکیشن پر پہنچ کر اندراج ضروری ہوتا ہے دیہی علاقوں میں اکثر انٹر نیٹ کے سگنلز کم آتے ہیں ایسے میں لوکیشن پر کھڑے ہوکر اندراج ممکن نہیں ہوتا جس کی وجہ سے معاملات غیر معمولی تاخیر کا شکار ہوتے ہیں کنورژن اور نقشہ منظوری کی فیس بھی جمع نہیں ہوتی اور تعمیرات کرنیوالے شہریوں کا کام بھی تاخیر کا شکار ہوتا ہے جس کا فائدہ مبینہ طور پر ضلع کونسل کے متعلقہ ملازمین اٹھاتے ہیں اور نذرانوں کی وصولی کرتے ہیں ماہرین کے مطابق اگر عملے کو انکم سپورٹ پروگرام کی طرز پر لیپ ٹاپ دئیے جائیں تو یہ ایپلی کیشن سود مند ثابت ہوسکتی ہے ۔