جھنگ میں بھی ا فواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )افواج پاکستان کی جانب سے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر ضلع جھنگ میں بھی پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔۔۔
اور اس حوالے سے پاک افواج سے اظہار یکجہتی کیلئے ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام جھنگ بھر میں عظیم الشان ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جس میں شرکاءنے پاکستان زندہ باد ، پاکستان پائندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے ۔ شرکاءریلی نے بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔ ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن(ر )بلال افتخار کیانی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل خرم شہزاد بھٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر امتیاز محسن نے ریلی کی قیادت کی ، ریلی کے شرکاءنے فلک شگاف نعرے لگائے ۔ شرکاءریلی سے خطاب میں مقررین نے کہا کہ پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی مانند افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے ، آپریشن \"بنیان مرصوص \"میں افواج پاکستان نے دشمن بھارت کو دن کی روشنی میں تارے دکھا دیئے ۔ مزید برآں ضلع کونسل کے سبزہ زار میں آتش بازی کا زبردست مظاہرہ بھی کیا گیا۔ قبل ازیں ضلع کونسل میں منعقدہ ضلعی انتظامیہ کی مرکزی تقریب میں ڈپٹی کمشنر علی ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے پرچم کشائی کی۔اس موقع پر سابق اراکین صوبائی اسمبلی یعقوب شیخ ، فیصل حیات جبوآنہ سمیت مختلف محکموں کے افسران،سول سوسائٹی کی شخصیات،سکولوں کے طلبہ اورمیڈیا نمائندگان بھی موجود تھے ۔پرچم کشائی کے بعد ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں واک کی گئی۔ضلع کونسل تا کچہری چوک،شرکاءنے پاکستانی پرچم اٹھاکر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔