اشتہاریوں کی گرفتاریوں کیلئے کارروائیاں تیز کریں:عبادت نثار

کمالیہ،رجانہ(نمائندہ خصوصی،نمائندہ دنیا ) ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ عبادت نثار نے کہا ہے کہ تمام پولیس ملازمین سائلین کے ساتھ محبت اور پیار کے ساتھ پیش آئیں، اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے اقدامات تیز کئے جائیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمالیہ سرکل کے پولیس افسران سے میٹنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ڈی پی او ٹوبہ نے مزید کہا کہ شہر بھر میں کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں ، ممبران امن کمیٹی اور معززین علاقہ سے مل کر جرائم پر قابو پانے کے لیے حکمت عملی اپنائی جائے ۔دریں اثناءڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹوبہ ٹیک سنگھ نے تھانہ رجانہ کے علاقہ گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری سکول ٹوبہ روڈ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا ، اس دوران مختلف سائلین نے اپنی شکایات پیش کیں جس پر ڈی پی او نے متعلقہ افسران کو داد رسی کے احکامات جاری کر دیئے ۔