رجانہ سے سمندری روڈ کی تعمیر پھر تاخیر کا شکار، شہری پریشان

رجانہ(نمائندہ دنیا)رجانہ سے سمندری روڈ کی تعمیر ایک بار پھر تاخیر کا شکار، ٹریفک کی آمدورفت سے اڑتی دھول نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی۔بتایا گیا ہے کہ مذکورہ سڑک عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی۔۔۔
اورحال ہی میں تعمیر نواور مرمت کا کام دوبارہ شروع ہوا جو صرف چند روزجاری رہا، سڑک کے کچھ حصے پر پرانے پتھر اُکھاڑ کر نیچے مٹی بچھائی گئی اور پھر وہی پتھر دوبارہ ڈال دیئے گئے ، اب سڑک پرکام رک چکا ہے اور ٹھیکیدار ادھوری سڑک چھوڑ کر غائب ہو چکا ۔ ٹریفک کی آمدورفت سے اڑنے والی مٹی کی دھول قریبی دکانوں، گھروں اور راہگیروں کیلئے مستقل اذیت بن چکی ۔ شہریوں نے حکام سے سڑک کی جلد از جلد معیاری تعمیر یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔