چنیوٹ :فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 300 لٹر مضر صحت دودھ برآمد

چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے چھٹی کے روزبھی ناقص وغیر معیاری ملاوٹی دودھ کی سپلائی ناکام بناتے ہوئے 300 لٹر ملاوٹی اور مضر صحت دودھ موقع پر ضائع کرادیا۔
ٹیموں نے 47 دودھ بردار گاڑیوں اور متعدد ملک شاپس میں موجود 20ہزارلٹر دودھ کی جدید لیکٹو سکین مشین سے جانچ کی ،اس دوران ناقص برآمد ہونے پر 26ہزار روپے کے جرمانے بھی عائدکر دیئے ۔ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر محمد قاسم رضا بتایاکہ حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر آئس فیکٹری اور متعدد فوڈ پوائنٹس کوبھی 32 ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے ہیں، 5 پوائنٹس سے نمونہ جات لے کر لیبارٹری تجزیہ کیلئے ارسال کر دیئے ہیں۔مختلف کارروائیوں کے دوران 4 کلو سے زائد ایکسپائرڈ مصنوعات تلف کر دی گئی ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ ملاوٹ و جعلساز مافیا کے خلاف کارروائیاں بلا خوف و خطر جاری رہیں گی۔