عید الاضحی :چنیوٹ میں 3مویشی منڈیوں کے قیام کی تیاریاں

چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ضلع چنیوٹ میں عید الاضحی کے حوالے سے قربانی کے جانوروں کی خرید وفروخت کیلئے 3 عارضی سیل پوائنٹس کے قیام کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔۔۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر صفی اﷲگوندل کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل طلحہ سعید،اسسٹنٹ کمشنرز اشفاق رسول،ڈاکٹر انس سعید،سعدیہ جمال،چیف آپریٹنگ آفیسر کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی،ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک، چیف آفیسرز میونسپل کمیٹیز اور دیگر افسران بھی موجودتھے ۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ سیل پوائنٹس عید الاضحی سے 10 روز قبل فعال ہونے چاہیں،ماڈل کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیراہتمام چنیوٹ ، میونسپل کمیٹیز کی طرف سے بھوآنہ اور لالیاں میں سیل پوائنٹس قائم ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ مویشی منڈی /سیل پوائنٹس میں بیوپاریوں وخریداروں کے لئے بہترین انتظامات ہونے چاہیں ، بیوپاریوں سے فیس میں اوورچارجنگ برداشت نہیں،مقررہ فیس 800 روپے پر عملدرآمد کرایا جائے گا،فیس کے حوالے سے آگاہی بینرز آویزاں ہونے چاہئیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بھوآنہ اور لالیاں کے سیل پوائنٹس نوپرافٹ نو لاس کے تحت ہو نگے اورتینوں مویشی منڈیوں میں سایہ دارانتظامات،پینے کا پانی، لائٹ، پارکنگ اور دیگر انتظامات کو فوری مکمل کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرزخودمقررہ سیل پوائنٹس کا دورہ کرکے انتظامات چیک کریں۔سیل پوائنٹس کے علاوہ شہری علاقوں میں قربانی کے جانوروں کی خریدوفروخت پر پابندی عائد ہوگی ۔ ڈپٹی کمشنر چنیوٹ صفی اللہ گوندل نے چیف آپریٹنگ آفیسر ماڈل کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کوسیل پوائنٹ چنیوٹ کے حوالے سے دو روز میں جامع پلان فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔