ورلڈ ہائپرٹینشن ڈے کے موقع پر آگاہی واک کا انعقاد

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے شعبہ میڈیسن اور پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن کے زیر اہتمام ورلڈ ہائپرٹینشن ڈے کے موقع پر آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔۔۔
جس کی قیادت پروفیسر ڈاکٹر عامر شوکت اور ڈاکٹر محمد عرفان نے کی۔ واک الائیڈ ہسپتال سے شروع ہو کر جیل روڈ تک گئی، جس میں سینکڑوں ڈاکٹرز اور میڈیکل طلبہ نے شرکت کی۔ شرکاء نے ایسے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر بلند فشار خون سے بچاؤ کے طریقے درج تھے ۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر عامر شوکت نے کہا کہ بلڈ پریشر سے بچاؤ کے لیے روزانہ 30 منٹ واک، مرغن غذاؤں، سگریٹ نوشی اور زیادہ نمک کے استعمال سے پرہیز اور پھل و سبزیاں کھانا ضروری ہے ۔ ڈاکٹر محمد عرفان کے مطابق دنیا بھر میں ایک ارب 28 کروڑ افراد ہائی بلڈ پریشر میں مبتلا ہیں، جن میں سے سالانہ ایک کروڑ افراد اس کی پیچیدگیوں کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔