آن لائن ڈکیتی کی وارداتیں عروج پر ، جعلساز گروہ جعلی سمز کے ذریعے لوٹ مار میں مصروف

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)آن لائن ڈکیتی کی وارداتیں عروج پر پہنچ گئیں۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی مجرمانہ غفلت نے شہریوں کو لٹنے کے لیے تنہا چھوڑ دیا ۔
سوشل میڈیا پر سرگرم جعلساز گروہ جعلی پیجز اور جعلی سمز کے ذریعے موبائل والٹ بنا کر شہریوں سے لاکھوں روپے بٹورنے میں مصروف، جبکہ متعلقہ ادارے محض کاغذی کارروائیوں تک محدود ہیں۔شہریوں کو قیمتی اشیا کی آفرز دے کر فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ پر چالاکی سے پھنسایا جاتا ہے ۔ جیسے ہی ایڈوانس رقم منتقل ہوتی ہے ، جعلساز نہ صرف غائب ہو جاتے ہیں بلکہ ان کے موبائل نمبر اور اکاؤنٹس بھی ناقابل رسائی ہو جاتے ہیں، ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے مطابق رواں سال کے دوران اب تک آن لائن شاپنگ فراڈ کی شکایات کی تعداد 150 سے تجاوز کر چکی ہے جن میں سے 45 کیسز میں باضابطہ ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں تاہم، زیر التوا کیسز کی تعداد اب بھی 100 سے زائد ہے جن میں تاخیر کی وجہ عملے کی کمی اور بین الصوبائی تحقیقات بتائی جاتی ہے ۔ پی ٹی اے کی جانب سے جعلی سمز کے خاتمے کے دعوے تو کیے گئے مگر حقیقت یہ ہے کہ گزشتہ سال بھی میں ملک بھر میں صرف چند ہزار جعلی سمز بلاک کی جا سکیں جعلساز آج بھی نئی شناخت پر عوام کو لوٹ رہے ہیں ماہرین کا کہنا ہے اگر پی ٹی اے جعلی سمز کے اجرا پر کنٹرول کر لے اور ایف آئی اے ہر شکایت پر فوری تفتیش شروع کرے تو اس کا مؤثر سدباب ممکن ہے ۔