فیصل آباد : حاجی کیمپ غیر فعال ، عازمین کو مشکلات

فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )ایک کروڑ آبادی والے ملک کے تیسرے بڑے صنعتی شہر میں انٹرنیشنل ائیرپورٹ تو ہے لیکن رواں برس حج کے دوران فیصل آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے حج پروازیں اڑان نہیں بھریں گی۔۔۔
حجاج کو لاہور اور اسلام آباد سمیت دیگر شہروں سے جانا پڑے گا فیصل آباد میں حاجی کیمپ بھی غیر فعال ہے سرگودھا روڈ پر عارضی حاجی کیمپ لگا کر کام چلایا جارہا ہے ۔فیصل آباد ملک کا تیسرا بڑا ضلع ہے آبادی کے تناسب سے بھی فیصل آباد کا شمار اب اہم ترین اور گنجان آباد علاقوں میں کیا جاتا ہے صنعتی شہر ہونے کی وجہ سے فیصل آباد میں سینکڑوں چھوٹے بڑے صنعتکار اور ہزاروں کاروباری افراد کیساتھ لاکھوں کی تعداد میں نوکری پیشہ افراد بھی ہیں یعنی اس ضلع میں ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد بستے ہیں ٹیکس نیٹ میں بھی فیصل آباد کا ایک بڑا حصہ ہے فیصل آباد کو ہمیشہ سے نظر انداز ہی کیا جاتا ہے رہا ہے وفاقی و صوبائی دارلحکومت ہونے کی وجہ سے تمام توجہ اسلام آباد اور لاہور پر ہی ہوتی ہے اس کے بعد کراچی توجہ کا مرکز ہوتا ہے رواں برس ملک بھر سے حجاج کرام فریضہ حج ادا کرنے کی تیاری کررہے ہیں دیگر شہروں کی طرح فیصل آباد سے بھی سالانہ سینکڑوں افراد فریضہ حج ادا کرنے کے لیے سعودیہ میں جاتے ہیں لیکن فیصل آباد کے ساتھ رواں برس بھی امتیازی سلوک ہی کیا جارہا ہے فیصل آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے کوئی ایک بھی حج فلائٹ نہیں جائیگی فریضہ حج ادا کرنے والوں کو لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر شہروں سے فلائٹس لینا پڑے گی فیصل آباد سے دیگر شہروں کے ایئر پورٹس پر پہنچنے میں وقت بھی زیادہ لگے گا اور خرچ بھی زیادہ آئیگا فیصل آباد میں حاجیوں کے رہنمائی کیلئے ایک شاندار عمارت میں حاجی کیمپ بھی بنایا گیا تھا مرضی پورہ کے علاقے میں موجود حاجی کیمپ کی عمارت پر کروڑوں روپے خرچ کیے گئے لیکن عدم توجہ اور غفلت کے باعث وقت کیساتھ ساتھ یہ عمارت کھنڈر میں تبدیل ہوگئی ہے اب عارضی حاجی کیمپ پنجاب کوآپریٹو ٹریننگ کالج سرگودھا روڈ میں لگایا گیا ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ فیصل آباد کو لاوارث شہر سمجھ کر نظر انداز کیا جارہا ہے نہ تو ہمارے شہر کا حاجی کیمپ بحال ہوسکا اور نہ ہی یہاں سے سعودی عرب کیلئے حج فلائٹس ہی شروع ہوسکی ہیں ۔