لائیوسٹاک کارڈ سکیم کادوسرا مرحلہ ،فیصل آباد میں رجسٹریشن جاری

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)سیکرٹری لائیوسٹاک پنجاب ثاقب علی عطیل کی خصوصی ہدایات پر محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ (L&DD) ڈویژن فیصل آباد کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب لائیوسٹاک کارڈ سکیم کے دوسرے مرحلے میں پنجاب بھر کی طرح ڈویژن فیصل آباد میں بھی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔
اس مرحلے میں 5 سے 20 مویشی رکھنے والے کسانوں کو 1 لاکھ 35 ہزار روپے سے لے کر 5 لاکھ 40 ہزار روپے تک کے بلا سود قرضے دیئے جا رہے ہیں، جنہیں 6 ماہ کے استعمال کے بعد 7 ماہمیں واپس کرنا ہوگا۔اس بار کسانوں کو قرض کا30 فیصد حصہ نقد نکلوانے کی سہولت بھی حاصل ہوگی جبکہ رجسٹرڈ ڈیلرز سے ونڈا، سائلیج اور منرل مکسچر کی خریداری کی اجازت بھی دی گئی ہے ۔درخواست گزار کے لئے پنجاب کا رہائشی ہونا، محکمہ لائیوسٹاک کے 9211 سسٹم پر رجسٹرڈ ہونا، درست شناختی کارڈ، فعال موبائل سم، نادرا و نیکٹا سے تصدیق شدہ شناخت اور الیکٹرانک کریڈٹ انفارمیشن بیورو سے کلین کریڈٹ ہسٹری ہونا لازمی ہے ۔ درخواست دینے کے لئے امیدوار اپنے رجسٹرڈ موبائل نمبر سے \'\'PLC\'\'اسپیس کے بعد اپنا شناختی کارڈ نمبر لکھ کر8070 پر ایس ایم ایس کریں۔ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے درخواست دہندگان کا انتخاب \'\'پہلے آئیں، پہلے پائیں \'\' کی بنیاد پر کیا جائے گا ۔اس بارے ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر سید ندیم بدر کا کہنا ہے کہ وہ لائیوسٹاک کارڈ ہولڈرز جنہوں نے پہلے مرحلے کی ادائیگی مکمل کر لی انہیں دوسرے مرحلے میں ترجیح دی جائے گی ۔