ایف ڈی اے کی 3 جائیدادوں کو کمرشل بنانے کی منظوری

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ایف ڈی اے انتظامیہ نے مختلف رہائشی کالونیوں میں 3 جائیدادوں کو کمرشل بنانے کی منظوری دی ہے اور بعض تکینکی و قانونی وجوہات کی بنا پر 2 جائید ادوں کو کاروباری مقاصد کیلئے استعمال میں لانے سے متعلق درخواستوں کو مسترد۔۔۔
جبکہ 2 جائیدادوں کی موجودہ نوعیت کا جائزہ لینے کیلئے تکینکی ٹیم کی طر ف سے دوبارہ سائیڈ وزٹ کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ان امور کا فیصلہ ایک اجلاس کے دوران کیا گیا جو ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں چیف انجینئر مہرایوب، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، ڈپٹی ڈائریکٹرز ٹاؤن پلاننگ راحیل ظفر، اقراء مرتضیٰ و دیگر افسران موجود تھے ۔ اجلاس کے دوران ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں میں جائیدادوں کی کمرشلائزیشن سے متعلق مجموعی طور پر 7 درخواستوں کا جائزہ لیا گیا اور مدینہ ٹاؤن، علامہ اقبال ٹاؤن اور گلبرگ کالونی میں واقع 3 جائیدادوں کو کاروباری مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی منظوری دی گئی، ملت ٹاؤن کی 2 جائیداوں کا سائیٹ وزٹ کرنے اور مدینہ ٹاؤن کی 2 جائیدادوں کو کمرشل کرنے کی درخواستوں کو مسترد کر دیا گیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ہدایت کی کہ جائیدادوں کی غیرقانونی کمرشلائزیشن کے خلاف بلاامتیاز فوری طور پر محکمانہ کارروائی ہونی چاہئے جبکہ کمرشلائزیشن سے متعلق موصول ہونے والی درخواستوں پر تمام تر قانونی تقاضوں اور محکمانہ شرائط کو ہرصورت مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے تاکید کی کہ اس نوعیت کی درخواستیں بلاوجہ زیر التواء نہیں رہنی چاہئیں تاکہ سروس ڈیلیوری سے متعلق درخواستوں کو بروقت ریلیف کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ حائل نہ ہو۔ انہوں نے تلقین کی کہ کمرشلائزیشن فیسوں اورں دیگر واجبات کی سو فیصد وصولی کو یقینی بنائیں۔