مریم خان چنیوٹ پہنچ گئیں، زیر تعمیر سرجیکل ٹاورکا دورہ

فیصل آباد، چنیوٹ(سٹاف رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈویژنل کمشنرفیصل آباد مریم خان ضلع چنیوٹ پہنچ گئیں، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال چنیوٹ کے 60 بیڈز پر مشتمل سرجیکل ٹاورکا دورہ کیا اور تکمیلی کے عمل کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صفی اللہ نے پراجیکٹ پر بریفنگ دی ۔اس موقع پریہ بھی بتایا گیا کہ ضلع چنیوٹ میں 125 بیڈز پر مشتمل نیا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال آئندہ 6 ماہ میں فعال ہو جائیگا۔کمشنر مریم خان نے چنیوٹ میں عوامی بہبود کے بڑے منصوبہ کا دورہ کیا اور واضح کیا کہ شفافیت پر زیروٹالرنس ہے ، صحت کی سہولیات کی تکمیل ترجیح ہے ۔دریں اثناء کمشنر نے ڈپٹی کمشنر صفی اللہ کے ہمراہ زیر تعمیر سرجیکل ٹاور کے مختلف شعبے دیکھے اورجاری تعمیراتی پیشرفت کا جائزہ لیا۔انہوں نے کام کی رفتار مزید تیز کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ شفافیت کو ہر صورت ملحوظ خاطر رکھاجائے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فنشنگ ورک جلد مکمل کریں،متعلقہ افسران موقع پر موجود رہ کر نگرانی کریں اور بقیہ کام بلاتاخیر مکمل کریں۔انہوں نے کہا کہ 60 بیڈز کے اضافہ سے مریضوں کو علاج معالجہ کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کی نئی پرشکوہ عمارت کا تعمیراتی کام بھی تیزی سے جاری ہے ۔دریں اثناء کمشنر فیصل آباد مریم خان صفائی پر عملدرآمدکا جائزہ لینے ضلع چنیوٹ کی تحصیل لالیاں کے دوردراز علاقہ موضع ڈاور پہنچ گئیں،ڈپٹی کمشنر صفی اللہ ہمراہ تھے ۔ کمشنر نے اندرون گلیوں میں جاکر اہل دیہہ سے عید پر صفائی انتظامات بارے استفسارکیا۔اہل دیہہ نے عیدپر صفائی کے اعلیٰ معیار کا ذکر کیااوروزیراعلی کے صفائی اقدامات کو سراہا۔ کمشنر نے دیہی علاقوں میں معمول کی صفائی کا باقاعدہ شیڈول ترتیب دینے کی تاکید کی اور کہا کہ اس ضمن میں عوامی آگاہی کے لئے بورڈز بھی آویزاں کئے جائیں ۔