پی ایچ اے درجنوں پارکوں کی دیکھ بھال میں ناکام

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی شہر بھر میں قائم درجنوں پارکوں کی دیکھ بھال میں بری طرح ناکام ہوگئی۔
مختلف علاقوں میں قائم چھوٹے اور درمیانے درجے کے اور بیشتر بڑے پارک بدحالی کا شکار ہو کر رہ گئے ہیں۔ کہیں گھاس مکمل طور پر جل چکی ہے ، تو کہیں خود رو جھاڑیاں اور بوٹیاں بے قابو ہو کر پھیل چکی ہیں۔ بیشتر پارک اب چٹیل میدان کا منظر پیش کر رہے ہیں، جہاں شہریوں کے لیے نہ بیٹھنے کی سہولت باقی رہی ہے ، نہ سیر و تفریح کا ماحول ہے ۔ 100 سے زائد بڑے پارکس پی ایچ کے زیر انتظام ہیں جن میں جناح گارڈن، گٹ والا پارک، دکن پارک، مدینہ ٹاؤن فیملی پارک اور دیگر معروف پارک شامل ہیں۔ تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ پی ایچ اے کی غفلت کے باعث چھوٹے پارک اب کچرے کے ڈھیر، بے ہنگم جھاڑیوں اور ٹوٹی پھوٹی سہولتوں کا مجموعہ بن چکے ہیں۔ کئی جگہوں پر گھاس مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے ، پودوں کی تراش خراش کا کوئی انتظام نہیں، جھولے اور روشنی کا انتظام تباہ حالی کا شکار ہے ۔ شام کے اوقات میں بھی پارکوں میں اندھیرا چھایا رہتا ہے جس کی وجہ سے شہری وہاں جانے سے کتراتے ہیں۔ اکثر پارکوں میں پانی جمع رہتا ہے جس سے مچھروں کی افزائش میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فیصل آباد کے پارکوں کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔