ڈویژنل کمشنر سے ینگ میڈیا ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

ڈویژنل کمشنر سے ینگ میڈیا ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ڈویژنل کمشنر مریم خان سے ینگ میڈیا ایسوسی ایشن (وائے ایم اے )فیصل آباد کے وفد کی باضابطہ ملاقات ،مریم خان نے مسائل کی نشاندہی اور حل کیلئے صحافیوں کے کردار کو سراہا۔

تفصیلات کے مطابق ڈویژنل کمشنر مریم خان سے گزشتہ روز ینگ میڈیا ایسوسی ایشن کے صدر محمد طاہر اور سیکرٹری جنرل ذوالقرنین طاہر کی قیادت میں وفد نے باضابطہ میٹنگ کی ،اس موقع پر مختلف امور زیر بحث آئے ۔ ڈویژنل کمشنر نے گفتگو میں کہا کہ معاشرے میں مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کیلئے صحافیوں کا مثبت کردار قابل ستائش ہے ،مخلص صحافی ہمارا اثاثہ ہیں اور ہمیشہ ان کو قدر کی نگاہ سے دیکھا ہے ، ہمیشہ تنقید برائے اصلاح کرنے والے اور میرٹ پر خبر دینے والے صحافیوں کی حوصلہ افزائی کی ہے ، وائے ایم اے کے ممبران سمیت تمام صحافیوں اور ڈویژن بھر کے عوام کیلئے کمشنر آفس کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں پروفیشنل صحافیوں کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہوں۔ ڈویژنل کمشنر نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے احکامات کی روشنی میں تجاوزات اورکرپشن کا خاتمہ، عوام کی افسران تک دسترس اور بلا تاخیر ترقیاتی کام ترجیحات میں شامل ہیں، صحافی برادری سے درخواست ہے مسائل کی نشاندہی کے ساتھ انتظامیہ کے مثبت کاموں کو بھی خبروں کا حصہ بنائیں۔ وفد نے ڈویژنل کمشنر کو یقین دہانی کروائی کہ شہر کے مسائل حل کرنے کیلئے انتظامیہ سے مکمل تعاون کیا جائے گا ، مسائل کی نشاندہی بھی کرتے رہیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں