افسران کی غفلت،پیچ ورک نہ ہونے سے سڑکیں تباہ ہونے لگیں

افسران کی  غفلت،پیچ ورک نہ ہونے سے سڑکیں تباہ ہونے لگیں

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)میونسپل کارپوریشن افسران کی غفلت کے باعث فیصل آباد کی سڑکیں پیچ ورک نہ ہونے سے تباہ ہونے لگیں۔۔۔

 جڑانوالہ روڈ ،سمندری روڈ ،سوساں روڈ،شیخوپورہ روڈ اور جھمرہ روڈ سمیت دیگر رابطہ سڑکوں پر بننے والے گڑھے شہریوں کیلئے درد سر بن گئے ، پیچ ورک نہ ہونے سے سڑکیں مزید ٹوٹ پھوٹ کا شکار۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کا ‘‘مانچسٹر’’ صنعتی شہر فیصل آباد اہم ترین شہر ہے یہاں فیڈمک میں ہزاروں غیر ملکی انجینئرز اور ورکرز کام کررہے ہیں، کئی غیر ملکی کمپنیوں کی سرمایہ کاری ہے لیکن اس کے باوجود چند نااہل اور کام چور افسران کی وجہ سے شہر کے بنیادی مسائل ہی حل نہیں ہورہے ، انفراسٹرکچر کی بہتری اور سڑکوں کی بحالی ہمیشہ مسلم لیگ ن کی حکومت کی ترجیحات میں شامل رہی ہے لیکن مریم نواز کی وزارت اعلیٰ کے دوران بھی شہر کی سڑکوں کی حالت زار تبدیل نہ ہوسکی بلکہ ہر آنے والے دن کے ساتھ سڑکوں کی حالت مزید خراب ہو رہی ہے ۔فیصل آباد کی شہری حدود میں جڑانوالہ روڈ، سمندری روڈ ،سوساں روڈ ،شیخوپورہ روڈ اور جھمرہ روڈ سمیت دیگر رابطہ سڑکوں پر جگہ جگہ گڑھے بن چکے جنہیں فوری پیچ ورک کی ضرورت ہے ،سڑکوں پر موجود گڑھوں کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی اور حادثات معمول بن چکے ،ان حادثات میں شہریوں کا لاکھوں روپے کا نقصان بھی ہو چکا۔ ماہرین کے مطابق سڑک جب ایک جگہ سے ٹوٹنا شروع ہوتی ہے اور بروقت پیچ ورک نہیں ہوتا تو یہ سلسلہ آگے بڑھتا رہتا ہے جس سے پوری سڑک خراب ہوجاتی ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز فیصل آباد کی سڑکوں کی حالت زار پر بھی توجہ دیں اور ہنگامی بنیادوں پر احکامات جاری کئے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں