جنگلی پرندوں کو مائیکروچپس لگانے کا منصوبہ ٹھپ

فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )محکمہ تحفظ جنگلی حیات کی جانب سے مارچ 2021 ء میں صوبہ بھر کے وائلڈ لائف بریڈنگ سنٹرز میں جنگلی پرندوں کو مائیکرو چپس لگانے کا منصوبہ شروع کیا گیا تھا۔۔۔
جو محکمانہ عدم توجہ اور غفلت کی بھینٹ چڑھ گیا دیگر اضلاع کی طرح فیصل آباد میں بھی جنگلی پرندوں کا ڈیٹا مرتب نہ کیا جاسکا ،چپس لگانے کا مقصد پرندوں کی ٹریننگ، میڈیکیشن اور ڈیجیٹل ریکارڈ مرتب کرنا تھا ۔تفصیلات کے مطابق محکمہ تحفظ جنگلی حیات کی جانب سے وائلڈ لائف بریڈنگ سنٹر میں موجود نایاب نسل کے جنگلی پرندوں کو مائیکرو چپس لگانے کیلئے مارچ 2021 ء میں ایک منصوبہ بنایا گیا جس کے تحت دیگر اضلاع کی طرح فیصل آباد میں بھی وائلڈ لائف بریڈنگ سنٹر گٹ والہ کے لیے مائیکرو چپس بھجوائی گئیں ،ان مائیکرو چپس میں سے چند ایک چپس پرندوں کو لگائی بھی گئیں مگر اس کے بعد یہ منصوبہ محکمانہ غفلت کی بھینٹ چڑھ کر ٹھپ ہوگیا، محکمے کی جانب سے مارچ 2021 ء میں دعوی کیا گیا تھا کہ پرندوں کے بعد جانوروں میں بھی مائیکرو چپس لگائی جائیں گی جس سے جانوروں اور پرندوں کی مکمل ٹریکنگ ہوسکے گی اور ان کا ڈیجیٹل ریکارڈ بھی مرتب کیا جاسکے گا۔ محکمے کی جانب سے یہ دعوی بھی کیا گیا تھا کہ پرندوں او ر جانوروں کی افزائش نسل اور ان کو دی جانے والی ادویات کا بھی مکمل ریکارڈ ڈیجیٹل ہوجائے گا ،جس سے جانوروں اور پرندوں کی چوری بھی ناممکن ہوجائے گی اور ہر جانورو اور پرندے کا مکمل ڈیجیٹل ڈیٹا محکمے کے پاس موجود ہوگا جسے بوقت ضرورت چیک کیا جاسکے گا مگر محکمے کی روایتی غفلت و لاپروائی کے باعث یہ منصوبہ ٹھپ ہوکر رہ گیا، اب وائلڈ لائف کے لیے اربوں روپے کا بجٹ جاری کیا گیا ہے اور امید کی جارہی ہے کہ پرندوں اور جانوروں کا ڈیجیٹل ریکارڈ مرتب کرنے کیلئے مائیکرو چپس کا منصوبہ دوبارہ شروع کیا جائے گا۔