ڈی سی جھنگ کا مختلف سرکاری ہسپتالوں کا دورہ،ہدایات جاری

جھنگ،شورکوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نمائندہ دنیا)ڈپٹی کمشنر جھنگ علی بھنڈر نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ،تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال جھنگ سٹی اورتحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال شورکوٹ کا گزشتہ روز دورہ کیا۔۔۔
اور زیر علاج مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات اور ادویات کی فراہمی سمیت ہسپتالوں کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرکے محکمانہ سروسز اور کارکردگی کا جائزہ لیا۔تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال جھنگ سٹی میں ڈپٹی کمشنر نے ڈاکٹر وسٹاف سے ملاقات کے دوران انہیں موقع پرضروری احکامات بھی جاری کئے ۔ علی اکبر بھنڈر نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ہیلتھ سروسز کا جائزہ لینے کے حوالہ سے دورہ کے دوران ڈاکٹرز و سٹاف کی حاضری سمیت دیگر انتظامی امورکو چیک کیا۔ انہوں نے ہسپتال کے دیگر شعبوں کا معائنہ سمیت مریضوں و لواحقین سے طبی سہولیات کی فراہمی بارے استفسارکیا۔ انہوں نے ہسپتال کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ صحت کے شعبہ میں حکومتی اقدامات کے ثمرات عام مریضوں تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ۔ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سمیت ٹی ایچ کیوز اور مراکز صحت میں بہترین ہیلتھ سروسز کی فراہمی کویقینی بنانے کیلئے براہ راست مانیٹرنگ کی جارہی ہے ۔ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر امتیاز محسن اور اسسٹنٹ کمشنر شورکوٹ میڈم شازیہ رحمن کے ہمراہ محرم الحرام کے حوالے سے جلوسوں کے روٹس پر پیشگی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے وزٹ کیااور بریفنگ لی۔ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال شورکوٹ میں بھی مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات،ادویات کے سٹاک اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا اور ایم ایس کو ضروری ہدایات بھی جاری کر دیں۔