جھنگ :ٹریفک حادثات ، 4 افراد زخمی
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )جھنگ ٹوبہ روڈ اور بائی پاس فیصل آباد روڈ پر دو الگ الگ ٹریفک حادثات میں 4 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق پہلا حادثہ ٹوبہ روڈ پر اُس وقت پیش آیا جب تیز رفتاری کے باعث سبزی سے لدے لوڈر رکشہ اور کار میں تصادم ہو گیا، حادثے میں کاشف رشید اور نگہت زوجہ غلام قادر زخمی ہو گئے ۔ ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر نگہت کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی جبکہ کاشف کو ڈی ایچ کیو ہسپتال جھنگ منتقل کر دیا ۔دوسرا حادثہ بائی پاس فیصل آباد روڈ پر پیش آیا جہاں سڑک کراس کرتے ہوئے موٹر سائیکل اور وین میں ٹکر ہو گئی جس کے نتیجہ میں فلک شیر اور اس کی اہلیہ بانو بی بی زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔