حکومت کی خصوصی ہدایات پر انسداد ڈینگی کیلئے اقدامات جاری

حکومت کی خصوصی ہدایات پر انسداد ڈینگی کیلئے اقدامات جاری

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایات پر انسداد ڈینگی کیلئے بھرپور اقدامات جاری ہیں ،اس سلسلے میں محکمہ صحت کی رہنمائی میں سرویلنس پر خصوصی توجہ مرکوز ہے تاہم ڈینگی کے مسئلے پر قابو رکھنے کیلئے سماجی تعاون بے حد ضروری ہے۔

یہ بات ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند نے محکمہ صحت کے زیر اہتمام ایف ڈی اے کمپلیکس کے کانفرنس روم میں منعقدہ انسداد ڈینگی آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز کے منتظمین کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا تاکہ انہیں رہائشی کالونیوں میں ڈینگی وائرس سے بچاؤکیلئے اختیاطی و حفاظتی تدابیر پر موثر انداز میں عملدرآمد کیلئے آگاہی فراہم کی جاسکے ۔ ماہرین نے شرکاء کو ڈینگی لاروا /مچھر کی پہنچان ، افزائش کی روک تھام کے طریقوں اور اس وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی و حفاظتی تدابیر سے آگاہ کیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری کی زیر نگرانی ایف ڈی اے کمپلیکس اور دیگر ذیلی دفاتر میں انسداد ڈینگی سرویلنس باقاعدگی سے جاری ہے اس سلسلے آگاہی مہم پر بھی عملدرآمد جا رہا ہے ۔ انہوں نے پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز کے منتظمین سے کہا کہ وہ ڈینگی لاورا کی افزائش روکنے اور اس وائرس سے بچنے کیلئے شعوری کوششوں کو وسیع کریں تاکہ آئندہ مون سون موسم میں ڈینگی کے مسئلے کو سراٹھانے کا موقع نہ ملے ۔انہوں نے ہدایت کہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کے مکینوں کی آگاہی کے لئے احتیاطی تدابیر پر مبنی بینزز /فلیکسز نمایاں جگہ پر نصب کریں ، ڈینگی لاروا کی پیدائش کے ممکنہ ذرائع کا صفایا کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عظمت عباس و دیگر ماہرین نے سیمینار کے دوران ڈینگی لاروا اور مچھر کی شناخت کی علامات ، انسداد ڈینگی کے طریقوں اور ڈینگی بخار کی صورت میں بروقت تشخیص اور باقاعدہ علاج کے بارے میں آگاہ کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں