سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ،شہریوں کا جینا محال

فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )ضلعی انتظامیہ کی غفلت کے باعث مصنوعی مہنگائی کے باعث شہریوں کا جینا دوبھر ہوگیا، سبزیوں کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں،فی کلو کدو 400 روپے ، ٹینڈے 350 روپے تک جا پہنچے ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی صفر ۔
تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ فیصل آباد کی سنگین غفلت کے باعث مصنوعی مہنگائی کا جن بے قابو ہوچکا ہے ، متوسط اور غریب طبقہ گرانفروشوں کے ہاتھوں لُٹ رہا ہے اور پرائس کنٹرول پر کہیں عملدرآمد نہیں ہورہا ۔ ڈپٹی کمشنر کے بعد پرائس کنٹرول کی ذمہ داری ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اس کے بعد اسسٹنٹ کمشنرز اور آخر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس پر عائد ہوتی ہے ، ڈپٹی کمشنر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو آرڈرز تو کرتے ہیں لیکن کام نہ کرنے والے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے خلاف محکمانہ کاروائی نہیں کرتے جس کے باعث پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کام کرنے کو تیار نہیں ہوتے ،گوشت اور پھل تو دور کی بات شہریوں کیلئے سبزیاں خریدنا بھی ممکن نہیں رہا ،ایک روز قبل کی ریٹ لسٹ کے مطابق کدو کی قیمت 225 روپے اور ٹینڈے کی قیمت 190 روپے فی کلو تھی، ریٹ لسٹ پر بھنڈی توری کی قیمت 140 روپے تھی جبکہ مارکیٹ میں بھنڈی 200 روپے کلو میں فروخت ہوئی دیگر سبزیوں کی بھی یہی صورتحال ہے ، شہریوں کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف بھی حکومت کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کا تعلق بھی اسی سیاسی گھرانے سے ہے اس کے باوجود ان سے مہنگائی کنٹرول نہ ہونا حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ، جس سے عام شہری پریشان ہیں ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کم از کم اشیا ئے خور و نوش کی قیمتوں پر قابو پایا جائے تاکہ شہری اپنے بچوں کا پیٹ پال سکیں۔