ماحولیاتی معیارات پر عملدرآمد وقت کی اہم ضرورت :عثمان اظہر

 ماحولیاتی معیارات پر عملدرآمد وقت کی اہم ضرورت :عثمان اظہر

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (ای پی اے )فیصل آباد عثمان اظہر نے کہا ہے کہ قومی ماحولیاتی قوانین کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی ماحولیاتی معیارات پر عملدرآمد وقت کی اہم ضرورت ہے۔۔۔

 کیونکہ عالمی سطح پر ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار سپلائی چین پر زور بڑھ رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن فیصل آباد ریجن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ای پی اے کا کوئی منفی ایجنڈا ہے نہ ہی ہمارا مقصد کسی کو ہراساں کرنا ہے ، بلکہ ہم سب کو مل کر ماحولیات کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششیں کرنی ہیں،ہوزری سیکٹر کے ممبران کی رہنمائی کیلئے میرے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں تاکہ باہمی افہام و تفہیم سے درپیش مسائل کو حل کیا جا سکے ۔ اس موقع پر سینئر وائس چیئرمین پی ایچ ایم اے فیصل آباد حاذر خا ن نے ایسوسی ایشن کا مختصر تعارف کروایا اور کہا کہ اگر ای پی اے کو کسی ممبر فیکٹری سے متعلق کوئی شکایت ہو تو براہ راست کارروائی کرنے سے پہلے ایسوسی ایشن کو اعتماد میں لیا جائے ،فیکٹری سیل ہونے کی صورت میں ایکسپورٹ آرڈرز تاخیر کا شکار ہوتے ہیں، جس سے نہ صرف آرڈرز منسوخ ہونے کا خطرہ ہوتا ہے بلکہ ملکی زرمبادلہ کو بھی نقصان پہنچتا ہے ۔ انہوں نے مکمل یقین دہانی کرائی کہ پی ایچ ایم اے کے تمام ممبران ماحولیاتی تحفظ سے متعلق قوانین اور ضوابط پر مکمل عمل کریں گے ۔ سابق چیئرمین پی ایچ ایم اے میاں کاشف ضیاء نے کہا کہ محکمہ ماحولیات قابلِ تعریف اقدامات کر رہا   ،ماحولیات  کے تحفظ اور صنعتی ترقی میں توازن وقت کی اہم ضرورت ، محکمہ ماحولیات کا تعاون خوش آئند ہے ، اس سے صنعتکاروں میں اعتماد پیدا ہو رہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں