بارش کے پانی کی فوری نکاسی کیلئے اقدامات کے احکامات
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت بارشی پانی کی نکاسی کے حوالے سے اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہو ا۔
اس موقع پرایم ڈی واسا سمیت دیگر افسر بھی موجود تھے ۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے مین سمندری روڈ، علامہ اقبال کالونی، ستیانہ روڈ، جڑانوالہ روڈ، سرگودھا روڈ سمیت دیگر نشیبی علاقوں میں اضافی فورس تعینات کرنے ، بارش کے پانی کی بروقت نکاسی اور کلیئرنس کے اقدامات پر خاص توجہ مرکوز کرنے کے احکامات دیئے ۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ایم ڈی واسا سپروائزرز سمیت تمام سٹاف کی ڈیوٹیاں بارشی پانی کے نکاسی کے لئے یقینی بنائیں اور پانی مکمل کلیئر ہونے تک خود فیلڈ میں موجود رہیں۔ اجلاس میں ڈی واٹرنگ سیٹس کے ذریعے بارش کے پانی کی جلد از جلد سڑکوں سے نکاسی کے بھی احکامات دیئے گئے تاکہ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنا جاسکے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ واسا تمام مشینری اور وسائل کو فعال رکھے اور نشیبی مقامات پر کسی صورت پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے ۔