چنیوٹ :کئی علاقوں میں بارشی پانی جمع ،ڈپٹی کمشنر کا دورہ
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )چنیوٹ میں میونسپل کمیٹی کی لاپرواہی کے باعث متعدد علاقوں میں بارشی پانی کھڑا ہوگیا۔
دوسری طرفبارشی پانی کی نکاسی کے اقدمات کے جائزہ کیلئے ڈپٹی کمشنرچنیوٹ صفی اﷲگوندل نے مختلف سڑکوں ،اندرونی گلیوں کا دورہ کیا ۔تفصیلات کے مطابق چنیوٹ میں میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ کے دعوؤں کے برعکس محلہ عثمان آباد پیرس روڈ اور محلہ معظم شاہ ڈسپوزل مکمل طور پر فعال نہ ہوسکا جس سے ہر طرف بارشی پانی کھڑا ہو گیا،اس ڈسپوزل کی متعدد موٹریں خراب ہونے سے بارشی پانی کا نکاس نہ ہونے کے برابر ہے ۔ ذرائع کے مطابق میونسپل کمیٹی نے مون سون شروع ہونے کے باجود خراب موٹروں کو ٹھیک نہیں کرایا جس کی وجہ سے یہ مسائل درپیش ہیں جبکہ ڈسپوزل کا عملہ بھی اکثر اوقات مین گیٹ کو تالہ لگا کر غائب ہو جاتا ہے ۔شہریوں نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا ہے کہ انکوائری کرائی جائے ۔ادھر ڈی سی چنیوٹ نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل واثق عباس کے ہمراہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور میونسپل کمیٹی کی ٹیموں کی بارشی پانی کے نکاسی کیلئے کئے جانے والے ہنگامی اقدامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے شہریوں،دکانداروں سے بھی ملاقات کی اور بتایا کہ ٹیمیں فیلڈ میں ہیں اورتمام مشینری نشیبی مقامات پر متعین ہے ،شہریوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے جھنگ روڈ پر ڈسپوزل سٹیشن کا بھی دورہ کیا اورڈسپوزل کو فعال رکھنے اوربجلی کے متبادل کے طور پر جنریٹرز رکھنے کی ہدایت کی۔