صفائی کا یکساں نظام نافذ کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کا اہم اجلاس
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ستھرا پنجاب مہم کے تحت شہری و دیہی علاقوں میں صفائی کے یکساں نظام کو مؤثر اور عملی طور پر نافذ کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)ندیم ناصر کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔۔۔
جس میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی اور صفائی آپریشنز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عبدالرؤف، اسسٹنٹ کمشنر صدر ڈاکٹر ذوالقرنین، دیگر متعلقہ افسران اور اسسٹنٹ کمشنرز سمندری، تاندلیانوالہ، جڑانوالہ، چک جھمرہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ شہری علاقوں میں صفائی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے جائیں ، ستھرا پنجاب مہم کے تمام اہداف پر عمل درآمد مؤثر انداز میں کیا جائے ۔ انہوں نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو تاکید کی کہ ورکرز کی فیلڈ میں حاضری اور کارکردگی کو باقاعدگی سے مانیٹر کیا جائے اور اس سلسلے میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی،یونین کونسل سیکرٹریز شہریوں کی صفائی سے متعلق شکایات روزانہ کی بنیاد پر حل کر کے پورٹل پر اپلوڈ کریں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی ورکرز کے سوشل سکیورٹی کارڈز فوری طور پر بنوائے جائیں تاکہ انہیں تمام قانونی سہولیات میسر آ سکیں۔ڈپٹی کمشنر نے ستھرا پنجاب مہم کے ورکرز کو تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کے حوالے سے بینک کی تفصیلی رپورٹ بھی طلب کر لی۔ اجلاس میں شریک افسران نے ڈپٹی کمشنر کو اپنے اپنے علاقوں میں صفائی مہم کے سلسلے میں جاری اقدامات سے آگاہ کیا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔