انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں کلیریکل سٹاف بھی ڈیوٹی سے غائب

انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں کلیریکل سٹاف بھی ڈیوٹی سے غائب

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں طبی عملے کے بعد کلیریکل سٹاف بھی ڈیوٹی اوقات کی پابندی سے غافل نکلے ۔

 ڈائریکٹر مانیٹرنگ اینڈ ایولیوایشن سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کے اچانک دورے پر ہسپتال انتظامیہ بری طرح بوکھلا گئی، جب کہ غیر حاضر ملازمین کو بچانے کی کوششیں بھی حکام کے سامنے بے نقاب ہو گئیں۔ڈائریکٹر مانیٹرنگ اینڈ ایولیوایشن اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئرعتیق الرحمن نے بغیر پیشگی اطلاع ہسپتال کا دورہ کیا تو انتظامی دفاتر میں درجنوں خالی کرسیاں اُن کا استقبال کر رہی تھیں۔ انہوں نے ہر دفتر میں موجود نہ ہونے والے ملازمین کے بارے میں براہ راست ایم ایس اور متعلقہ افسروں سے استفسار کیا، تاہم کوئی تسلی بخش جواب نہ مل سکا۔ بارش کو حاضری میں کمی کی ممکنہ وجہ کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی گئی، مگر جب ایک ہی دفتر سے 6 ملازمین غیر حاضر نکلے تو یہ عذر بھی دم توڑ گیا۔ ذرائع کے مطابق، ڈائریکٹر نے موقع پر ہی انکوائری کے احکامات جاری کرتے ہوئے ایم ایس کو ہدایت کی کہ غیر حاضر عملے کی مکمل فہرست تیار کر کے وضاحت طلب کی ۔ دورے کے دوران متعدد دفاتر میں بروقت حاضری نہ دینے کا رجحان بھی نمایاں طور پر سامنے آیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں