طلبہ پر جسمانی سزا دینے والا استاد معطل، انکوائری کمیٹی تشکیل

طلبہ پر جسمانی سزا دینے والا استاد معطل، انکوائری کمیٹی تشکیل

ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )سرکاری اسکول کے استاد کی جانب سے طلبہ پر جسمانی سزا دینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ایلیمنٹری مردانہ) نے فوری ایکشن لیتے ہوئے گورنمنٹ ہائی اسکول چک نمبر 350 گ ب کے استاد زبیر سلیم کو معطل کر دیا۔۔۔

اور پیڈا ایکٹ کے تحت انکوائری کے احکامات جاری کر دئیے ۔ذرائع کے مطابق ہیڈماسٹر گورنمنٹ ہائی اسکول 350 گ ب کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ایک ویڈیو میں مذکورہ استاد کو طلبہ کو جسمانی سزا دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ۔ واقعہ کی ویڈیو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہونے کے بعد ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر جاوید اقبال نے فوری نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کمیٹی تشکیل دی۔کمیٹی میں ڈپٹی ڈی ای او عتیق انجم، اے ای او مرکز سٹی ٹوبہ محمد زبیر اور اے ای او مرکز بیریانوالہ معظم لطیف شامل ہیں۔مذکورہ استاد پر طلبہ کو جسمانی سزا دینے ، بدعنوانی، نااہلی، سرکاری ہدایات اور ‘‘مار نہیں پیار’’ پالیسی کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ الزامات کی تحقیقات 60 روز کے اندر مکمل کرکے رپورٹ جمع کرائے ۔حکمنامے کے مطابق الزامات ثابت ہونے تک استاد زبیر سلیم معطل رہیں گے ، جبکہ انہیں 7 روز کے اندر تحریری جواب داخل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ، بصورت دیگر الزامات کو درست تصور کیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں