ادارے عوامی خدمت کے مشن کو کامیاب بنانے کیلئے سر گرم
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے سٹی کا اجلاس کنوینر کمیٹی و رکن قومی اسمبلی چودھری شہباز بابر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر، سی پی او صاحبزادہ بلال عمر سمیت متعلقہ محکموں کے افسر شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے عوامی بہبود سے متعلق جاری اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ سی پی او صاحبزادہ بلال عمر نے ضلع میں امن و امان کے قیام، پولیس کارکردگی اور جرائم کے تدارک سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔کنوینر کمیٹی چودھری شہباز بابر نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس تسلسل کے ساتھ منعقد کیے جا رہے ہیں تاکہ نچلی سطح پر عوامی مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام ادارے باہمی رابطے اور ہم آہنگی کے ساتھ عوامی خدمت کے مشن کو کامیاب بنانے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے کہا کہ واسا اور پی ایچ اے کو مزید متحرک کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کے سیوریج، صفائی اور پارکوں سے متعلق مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا سکیں۔