مساجد و مدارس کیخلاف بیانات قابل مذمت :جمعیت اہلحدیث
مشکل حالات میں مدارس کے اساتذہ ، طلبہ نے ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان علامہ عبدالرشید حجازی اور خالد محمود اعظم آبادی نے کہا ہے کہ مساجد و مدارس اسلام کے قلعے ہیں جہاں سے ہمیشہ قال اللہ و قال الرسول صلی اللہ علیہ وسلم کی صدائیں بلند ہوتی رہی ہیں۔ ملک و قوم کو مشکل حالات کا سامنا ہو تو دینی مدارس کے اساتذہ اور طلبہ نے ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے ۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بعض سیاست دان اور وزرا کم علمی کی بنیاد پر مساجد و مدارس کے خلاف بے بنیاد بیانات دے کر تعصب کا اظہار کرتے رہتے ہیں۔
حالیہ دنوں میں بھی ایک سینئر سیاستدان نے اسمبلی فلور پر یہ الزام عائد کیا کہ اسلام آباد میں ہزاروں مدارس غیر قانونی طور پر سرکاری جگہوں پر قائم ہیں، جو حقائق کے سراسر خلاف ہے ۔ ان کے مطابق ایسے من گھڑت بیانات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔علامہ عبدالرشید حجازی نے مزید کہا کہ ایک وزیر کی جانب سے بغیر تحقیق ایسے بیانات دینا قابل افسوس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس قوم کے نونہالوں کی بہترین تربیت کر رہے ہیں، اور پاکستان میں مدارس اپنی مدد آپ کے تحت چلنے والی سب سے بڑی تنظیمیں ہیں ۔