جڑانوالہ:عوامی ریلیف سہولت بازار کا افتتاح، اشیا دستیاب

جڑانوالہ:عوامی ریلیف سہولت بازار کا افتتاح، اشیا دستیاب

تحصیل کے دیگر قصبات میں بھی جلد شروع کی جائیں گی:خان بہادر ڈوگر

جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے عوامی ریلیف ویژن کی تکمیل کے لیے جڑانوالہ میں سہولت بازار کا شاندار افتتاح کر دیا گیا۔ اس سہولت بازار کا قیام عوام کو مہنگائی کے بوجھ سے نجات دلانے اور روزمرہ ضروریات زندگی کی تمام اشیا ایک ہی چھت تلے ، سرکاری نرخوں پر فراہم کرنے کے مقصد سے عمل میں لایا گیا۔افتتاحی تقریب میں شہریوں کی بڑی تعداد نے جوش و خروش سے شرکت کی، جب کہ مقامی رکن قومی اسمبلی بلال چودھری ، رکن صوبائی اسمبلی سردار خان بہادر ڈوگر، اور اسسٹنٹ کمشنر رنگزیب گورائیہ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ بلال چودھری نے کہا کہ مریم نواز عوام کو ہر شعبہ میں زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے کوشاں ہیں۔ خان بہادر ڈوگر نے کہا کہ اس طرح کی سہولیات تحصیل کے دیگر قصبات میں بھی جلد شروع کی جائیں گی۔

شہریوں نے حکومت پنجاب کے اس اقدام کو عوام دوست اور بروقت قرار دیتے ہوئے چیئرپرسن پنجاب سہولت بازاراتھارٹی محمد افضل کھوکھر کی کاوشوں کو سراہا۔ سہولت بازار میں آٹا، چینی، دالیں، گوشت، سبزیاں، پھل اور دیگر بنیادی اشیاء نہ صرف وافر مقدار میں دستیاب ہیں بلکہ ان کی کوالٹی اور قیمتوں پر بھی سخت نگرانی کی جا رہی ہے ۔ بازار میں بچوں اور اہلِ خانہ کیلئے تفریحی سہولیات کا بھی اہتمام کیا گیا، جس نے تقریب کو مزید پُررونق بنایا۔چیئرپرسن افضل کھوکھر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر ہر ضلع اور تحصیل میں سہولت بازار قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ ریلیف کا دائرہ کار صوبے کے کونے کونے تک پھیلایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں