21 مرکزی شاہراؤں پر عرصہ دراز سے بند سٹریٹ لائٹس فعال
شہریوں کو بہتر میونسپل سروسز کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں :کمشنر
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)روشن فیصل آباد پروگرام پر تیز رفتار عملدرآمد جاری ہے ، اس ضمن میں شہر کی 21 مرکزی شاہراؤں پر عرصہ دراز سے بند سٹریٹ لائٹس روشن ہو گئی ہیں۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے بتایا کہ جیل روڈ، الائیڈ ہسپتال روڈ اور بلال روڈ،سرینا روڈ، لنکس روڈ سول لائنز، کمشنر آفس روڈ، کچہری روڈ ، ایف آئی سی ہسپتال روڈ اور ٹیچنگ ہسپتال غلام محمد آباد روڈ پر سٹریٹ لائٹس 100 فیصد فعال ہو چکی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ عزیز فاطمہ ہسپتال روڈ، کینال روڈ ویسٹ سائیڈ، ناولٹی پل روڈ پر بھی سٹریٹ لائٹس فنکشنل ہیں ۔کمشنر فیصل آباد کے مطابق ملت روڈ پر 80 فیصد سٹریٹ لائٹس روشن ہو چکیں جبکہ کینال روڈ ایسٹ سائیڈ اور سرگودھا روڈ پر 70 فیصد لائٹس فعال کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ شہریوں کو بہتر میونسپل سروسز کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔