پولٹری فارمز کی ویسٹ تلف کرنے کیلئے فریم ورک تیار کرنے کی ہدایت
کمشنر فیصل آباد کی زیر صدارت اہم اجلاس میں ماحول دوست اقدامات کرنے کا بھی حکم
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت پولٹری فارمز کی ویسٹ کو تلف کرنے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہواجس میں پولٹری ویسٹ سے لاحق بیماریوں، ماحولیاتی اثرات اور موجودہ صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔کمشنر فیصل آباد نے پولٹری فارمز کا حقیقی ڈیٹا مرتب کرنے ، پولٹری ویسٹ سے پیدا ہونے والی بیماریوں کا جائزہ لینے اور جمع شدہ ویسٹ کو مناسب انداز میں تلف یا بروئے کار لانے کیلئے ایک ہفتہ میں قابلِ عمل فریم ورک تیار کرنے کا ٹاسک دے دیا۔
انہوں نے محکمہ تحفظ ماحول کو ہدایت کی کہ پولٹری کنٹرول شیڈز اور پولٹری فارمز ایسوسی ایشنز سے بھی رابطہ کر کے جامع معلومات حاصل کی جائیں۔ تاکہ مؤثر اور پائیدار حل وضع کیا جا سکے ۔کمشنر فیصل آباد نے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے مؤثر اقدامات کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ صحت مند ماحول حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلہ میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔