شہباز شریف پارک زبوں حالی کا شکار، شہریوں کا احتجاج

 شہباز شریف پارک زبوں حالی کا شکار، شہریوں کا احتجاج

جھولے ، بینچ اور سوئمنگ پول خستہ حالی کا شکار ، صفائی کا بھی ناکافی نظام

سمندری (نمائندہ دنیا)شہباز شریف پارک مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے زبوں حالی کا شکار ،شہریوں کا احتجاج،نوٹس لینے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق سمندری میں حکومت پنجاب نے شہریوں کی سیر و تفریح کیلئے کروڑوں روپے کی لاگت سے 19 ایکڑ رقبے پر شہباز شریف پارک تعمیر کیا تھا مگر مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے پارک کئی مسائل سے دوچار ہو چکا،پارک میں لگے متعدد جھولے اور بینچ غیر تسلی بخش حالت میں ہیں ، آوارہ کتے پارک میں دندناتے پھرتے ہیں جو سیر کیلئے آنیوالے بچوں ،خواتین سمیت تمام شہریوں کے لیے خطرہ ہیں۔ صفائی کا نظام بھی نہ ہونے کے برابر ہے اور گراسی پلاٹس و درختوں کو پانی دینے والے کھالے کوڑے سے بھرے پڑے ہیں، واک ٹریک بھی بعض جگہ سے ناہموار ہو چکے ۔ بڑی رقم سے تعمیر شدہ سوئمنگ پول بھی عرصے سے نامعلوم وجوہات کی بنا پر بند پڑا ہے ۔ شہریوں نے منتخب نمائندوں اور مقامی انتظامیہ کی توجہ پارک کی زبوں حالت کی جانب مبذول کراتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پارک میں صفائی ستھرائی کے ساتھ جھولوں اور بینچوں کی مرمت کرائی جائے تاکہ عوام پارک کی افادیت سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں