شورکوٹ:عملہ کی لاپروہی، شجرکاری منصوبہ ناکام، لاکھوں کا نقصان
ہزاروں پودے سوکھ گئے ، شہریوں کا وزیراعلیٰ پنجاب اور محکمہ جنگلات سے نوٹس کا مطالبہ
شورکوٹ (نمائندہ دنیا)محکمہ جنگلات کینال رینج شورکوٹ کے عملے کی مبینہ غفلت اور ناقص نگرانی کے باعث وسیع رقبے پر کی گئی شجرکاری ناکام ہوتی دکھائی دینے لگی ۔ کینٹ بلاک کی نہروں کے درمیان واقع رقبے پر مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے سبب ہزاروں ننھے پودے سوکھ کر ضائع ہو چکے ہیں جس کے نتیجے میں سرکاری خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچنے کا انکشاف ہوا ہے ۔ذرائع کے مطابق تقریباً دو ماہ قبل ٹی ایس لنک اور حویلی کینال کے درمیان کئی کلومیٹر طویل رقبے پر شجرکاری کی گئی تھی تاہم بروقت آبپاشی اور دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث پودے مرجھا گئے اور بیشتر پودے مکمل طور پر سوکھ گئے ہیں، جس سے منصوبے کی کامیابی پر سوالیہ نشان لگ گیا ۔علاقہ مکینوں اور عوامی حلقوں نے صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر شجرکاری منصوبوں کی اس طرح نگرانی نہ کی گئی تو سرسبز پنجاب کے خواب کو شدید دھچکا لگے گا۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور محکمہ جنگلات کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے ، شجرکاری منصوبوں کو مؤثر بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔