بینظیر شہید نے جمہوریت اور قوم کیلئے جان قربان کی:پی پی رہنماء
27 دسمبر قومی سانحے کا دن ہے :رانا جمیل ، مشرف غوث، میاں محمود احمد
پیرمحل (نمائندہ دنیا )پاکستان پیپلزپارٹی پیر محل کے سٹی صدر رانامحمد جمیل ،تحصیل صدر مشرف غوث، سینئر رہنماء میاں محمود احمد نے کہا ہے کہ 27 دسمبر قومی سانحے کا دن ہے اس دن صرف پاکستان نہیں بلکہ دنیا کی عظیم رہنما بینظیر شہید ہم سے بچھڑ گئیں ،ان کی شہادت کاغم سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہوکر ملک کے طول و عرض میں منایا جارہا ہے۔ محترمہ بے نظیر بھٹوشہید کی برسی پر مشترکہ بیان میں پی پی رہنماؤں نے مزید کہاکہ شہید بے نظیر بھٹو نے اپنے سیاسی فہم و فراست اور قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت عالمی سیاست میں اپنا مقام بنایا جس پر کارکنوں کو فخر ہے ،جمہوریت کی مضبوطی اور جمہوری اداروں کی کامیابی کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے اور کارکن کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ، حکومت کے خلاف ہونے والی ہر کارروائی کا منہ توڑ جواب دیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو مضبوط کرنے کی تمام تر صلاحیت ہمارے لیڈروں اور کارکنوں میں موجود ہیں ،بے نظیر بھٹو شہید نے جمہوریت اور قوم کیلئے اپنی جان کا نذرانہ دیا اور ہم بھی اپنی جانیں دے کر جمہوریت اور عوامی حقوق کا تحفظ کریں گے۔