پیرمحل:کارپٹ روڈپر غیر مناسب یوٹرنز،حادثات معمول
سڑک پر تجاوزات قائم، سائن بورڈز کی عدم تنصیب، شہریوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ
پیرمحل (نمائندہ دنیا)کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی ون وے کارپٹ روڈ پر غیر مناسب یوٹرنز اور جگہ جگہ تجاوزات آئے روز حادثات کا باعث بننے لگے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق 23 کروڑ روپے سے مین رجانہ روڈ پیرمحل تعمیر کی گئی تاہم منصوبہ بندی میں غفلت کے باعث مختلف مقامات پر غیر معیاری یوٹرنز بنا دئیے گئے جبکہ آگاہی سائن بورڈز بھی نصب نہیں کئے گئے ۔سڑک کے دونوں اطراف ناجائز تجاوزات قائم ہیں، ریڑھی، چھابڑی اور ٹھیلے فروش سڑک پر پانی پھینکتے ہیں جس کے باعث سڑک پر جگہ جگہ گڑھے پڑ چکے، ان حالات کے سبب آئے روز ٹریفک حادثات پیش آ رہے ہیں جن میں درجنوں افراد معذور ہو چکے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ سابق تحصیل نائب ناظممحمد صدیق پیارا اور رانا شمشاد علی تیز رفتار گاڑیوں کی زد میں آ کر اسی ٹرن آؤٹ پر شدید زخمی ہو چکے ہیں۔سرپرستِ اعلیٰ خدمتِ خلق سردار ریاض گجر نے مجاز اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ ون وے کارپٹ روڈ پر آگاہی سائن بورڈز آویزاں کئے جائیں، حادثات کا باعث بننے والے غیر مناسب یوٹرنز ختم کئے جائیں اور سڑک پر موجود گڑھوں کو فوری طور پر پرُ کیا جائے تاکہ آئے روز حادثات کی روک تھام کی جا سکے۔