ٹھیکریوالا:جھنگ روڈ پر سٹریٹ لائٹس بند، شہریوں کو شدید مشکلات
ٹرک سٹینڈ سے ایئرپورٹ چوک تک لائٹس عرصہ دراز سے خراب پڑی ہیں انتظامیہ کو آگاہ کیا جا چکا، عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا:اہل علاقہ، نوٹس کا مطالبہ
ٹھیکریوالا (نمائندہ دنیا)وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے روشن پنجاب، محفوظ پنجاب ویژن کے باوجود فیصل آباد کی اہم شاہراہ جھنگ روڈ تاحال سٹریٹ لائٹس سے محروم ہے ،جھنگ روڈ ٹرک اسٹینڈ سے ایئرپورٹ چوک تک نصب سٹریٹ لائٹس عرصہ دراز سے خراب ہیں جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق سٹریٹ لائٹس کی بندش کی وجہ سے رات کے وقت سفر کرنا نہایت خطرناک ہو چکا۔ اندھیرے کے باعث ٹریفک حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے لیے یہ صورتحال سہولت کا سبب بن چکی ہے جس سے شہری خوف و ہراس کا شکار ہیں۔
اہم بات یہ ہے کہ فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، بڑے قومی و صوبائی تعلیمی ادارے اور اہم صحت کے مراکز بھی اسی شاہراہ پر واقع ہیں اس کے باوجود سٹریٹ لائٹس بحال نہ ہونا متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔اہل علاقہ حاجی ساجد ننھا، رانا فاروق خاں، عتیق گجر، بلال انصاری ، رانا غلام مصطفیٰ، اکرام شہزاد اور دیگر نے کہا ہے کہ متعدد بار ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو آگاہ کیا جا چکا مگر تاحال کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔عوامی حلقوں نے کمشنر فیصل آباد اور ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے جھنگ روڈ پر سٹریٹ لائٹس کی مستقل بنیادوں پر بحالی یقینی بنائی جائے تاکہ شہریوں کو محفوظ سفری سہولیات میسر آ سکیں۔