کمالیہ:خشک اور سرد موسم کے باعث شہری مختلف امراض میں مبتلا
کمالیہ(نمائندہ خصوصی)کمالیہ میں خشک اور سرد موسم کے باعث شہری مختلف موسمی بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے ہیں، نزلہ، زکام، کھانسی، گلے کی خراش، بخار اور سانس کی تکالیف سے بچوں اور بزرگوں کی صحت زیادہ متاثر ہو رہی ہے۔
مقامی طبی ماہرین کے مطابق خشک سردی کی وجہ سے جلدی امراض، آنکھوں میں جلن اور سانس کی بیماریوں کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔ سرکاری و نجی ہسپتالوں میں مریضوں کا رش معمول سے کہیں زیادہ ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ رات کے اوقات میں درجہ حرارت میں اچانک کمی اور دن کے وقت خشک موسم صحت پر منفی اثر ڈال رہا ہے ۔محکمہ صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بچوں اور بزرگوں کا خاص خیال رکھیں اور بیماری کی صورت میں فوری طور پر مستند ڈاکٹر سے رجوع کریں۔